نارتھ کراچی میں بجلی کاٹاور نصب کرنے کے دوران پانی کی لائن پھٹ گئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کے الیکٹرک کی جانب سے فلک بوس ٹاور نصب کرنے کے دوران واٹربورڈ کی 12 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی ،ترجمان کے مطابق واٹربورڈ کے کئی بار کے انتباہ کے باوجود کے الیکٹرک کا عملہ ہفتہ کے دن ایک بار پھر نارتھ کراچی انڈا موڑ کے قریب سے گزرنے والی واٹربورڈ کی مین لائنوں پر فلک بوس بجلی کے ٹاور نصب کررہا تھا ،کھدائی کے دوران کے الیکٹرک کے عملے نے زیرزمین 12 انچ قطر کی پائپ لائن کو نقصان پہنچایا ،اطلاع ملنے پر ایم ڈی واٹربورڈ کی ہدایت پر واٹربورڈ کے حکام وقوعہ پر پہنچ گئے اور ہنگامی بنیادوں پر لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ، لائن کو پہنچنے والے نقصان کے باعث نارتھ کراچی کے سیکٹر الیون ، اے ،الیون بی ، الیون سی، سیکٹر 8,9,10 اور سیون ڈی سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔