نجکاری کیخلاف واپڈا ملازمین آج اسلام آباد میں احتجاج کرینگے
اسلام آباد (ثناء نیوز) واپڈا کی جنریشن اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں بشمول لاہور، پشاور، فیصل آباد اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کیخلا ف آج پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ریلی نکالی جائے گی ۔ ورکرز یونین نے الزام عائد کیا ہے کہ ان اداروں کو عالمی مالیاتی اداروں کے دباؤ پر نیلام کیا جارہا ہے تاکہ پاکستان کے محنت کشوں کا معاشی قتل کیا جاسکے عوام اور مزدور دشمن منصوبے، ہزاروںکنٹریکٹ و ڈیلی ملازمین کو فارغ کرنے اور واپڈا کے ایک لاکھ پچاس ہزار ملازمین کے احتجاج اور مطالبات پر وفاقی حکومت کی جانب سے کان نہ دھرے جانے کے خلاف ملک کی سب سے بڑی مزدور تنظیم آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) آج زبردست احتجاج کرے گی ۔ پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل خورشیداحمد، ممتاز مزدور رہنما خورشید احمد نے کہا ہے کہ واپڈا ، پی آئی اے، سٹیل ملز اور دیگر قومی اداروں کی نجکاری کسی طرح بھی ملکی مفاد میں نہیں۔اپنے بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ ان اداروں کی نجکاری سے ریاست قومی اثاثوں سے محروم ہو جائے گی اور بیروزگاری میں اضافہ ہو گا۔