سوڑہ ڈیم کی سائیٹ سے سرکاری تنصیبات منتقل کرنے کیلئے سب کمیٹی تشکیل

11 مارچ 2014

لاہور(نیوزرپورٹر) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے ضلع اٹک میں سوڑہ ڈیم کی سائیٹ سے نجی و سرکاری تنصیبات کی منتقلی کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے سب کمیٹی تشکیل دے دی جو دس روز میں اپنی سفارشات محکمہ آبپاشی کو پیش کرے گی ۔ اس بات کا فیصلہ محکمہ آبپاشی کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیر معدنیات چوہدری شیر علی، ممبر قومی اسمبلی ملک اعتبار خان، سیکرٹری آبپاشی ملک حسن اقبال ، کے علاوہ نیسپاک اور پاکستان آئل فیلڈ کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر آبپاشی کو بتایا گیا کہ ضلع اٹک میں سوڑہ کے مقام پر سمال ڈیم کی تعمیر کا منصوبہ زیر غور ہے تا ہم مذکورہ ڈیم کی سائیٹ پر سوئی گیس،پانی اور دیگر لائنیں گزرتی ہیں جن کی منتقلی نہ ناگزیر ہے تا کہ مذکورہ منصوبے پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ سب کمیٹی تشکیل دی جس کے کنوینرممبر قومی اسمبلی ملک اعتبار خان ہوں گے۔