لاہور چیمبر پاور جنریشن پراجیکٹ قائم کرنیکا خواہاں ہے: سہیل لاشاری

11 مارچ 2014
لاہور چیمبر پاور جنریشن پراجیکٹ قائم کرنیکا خواہاں ہے: سہیل لاشاری

 لاہور (کامرس رپورٹر) 10میگاواٹ صلاحیت کا پاور پراجیکٹ لگانے کی کوششوں کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر کاشف انور اورظفر محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایک پاور جنریشن پراجیکٹ قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس سے ایسے مزید منصوبوں کے آغاز کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔ اگرچہ حکومت بجلی کی پیداوار کے منصوبوں پر بڑی سرگرمی سے کام کررہی ہے لیکن ضروری ہے کہ اس سلسلے میں نجی شعبہ بھی اپنا کردار ادا کرے۔  توانائی کے بحران پر لاہور چیمبر بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے لہذا یہ ہائیڈل پاور پراجیکٹس سے لیکر کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کا جائزہ لے رہا ہے۔