لیسکو میں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کی عدم تعیناتی، اہم معاملات التواء کا شکار
لاہور (نیوز رپورٹر) لیسکو میں بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین کی تعیناتی کا مسئلہ عدم توجہ اور اجلاس بروقت بلانے کی وجہ سے تاحال حل نہ ہو سکا جس کے باعث گذشتہ کئی ماہ سے بورڈ آف ڈائریکٹر کی ایک بھی میٹنگ نہ ہو سکی۔ لیسکو میں افسران کی ترقیاں، ترقیاتی معاملات، میٹریل کی خریداری، لیسکو ملازمین کی تنخواہوں، پوسٹنگ ٹرانسفر کے معاملات التواء کا شکار ہیں۔ اس صورتحال میں لیسکو افسران میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لیسکو میں تقریباً ڈھائی ماہ قبل بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین نے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد جی او ڈی کا اجلاس ایک بار بھی منعقد نہ ہوا۔ اجلاس کی تاریخ پر تاریخ دینے اور جی او ڈی کا چیئرمین منتخب نہ ہونے سے لیسکو ادارے میں ترقی کا عمل رک گیا ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں سپرنٹنڈنٹ انجینئرز کی تعیناتی کا اختیار چیف ایگزیکٹو کے پاس ہوتا ہے مگر لیسکو میں یہ اختیار بورڈ نے اپنے پاس رکھا ہے جس کی وجہ سے 12 ایس ای و سپرنٹنڈنٹ انجینئرز کی تعیناتی تاحال نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے افسران میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔