پچاس اہلکاروں کو برطرف کرنے کیخلاف درخواست پر آئی جی پنجاب سے جواب طلب

11 مارچ 2014

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پولیس کے 50اہلکاروں کو برطرف کرنے کے خلاف درخواست پر آئی جی پنجاب سے جواب طلب کر لیا۔ سوموار کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہزادہ مظہر نے کیس کی سماعت شروع کی درخواست گزاروں کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس میں سال 2009ء میں بھرتی کئے گئے 50پولیس اہلکاروں کو بغیر کسی وجہ کے نوکریوں سے برطرف کر دیا گیا۔ملکی صورتحال کے پیش نظر پولیس انتظامیہ کے اس قسم کے رویوں سے فورسز میں مایوسی اور بے چینی پیدا ہو گی۔لہٰذا عدالت سے استدعا کی کہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کی گئی یکطرفہ کاروائی کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں نوکریوں پر بحال کیا جائے ۔ جس پر عدالت نے آئی جی پنجاب سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔