پرانی انارکلی میں نئے ٹریفک سیکٹر کا افتتاح

11 مارچ 2014

لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل آئی جی آفتاب احمد چیمہ اور چیف ٹریفک آفیسر لاہورسہیل چوہدری نے گزشتہ روز نئے ٹریفک سیکٹر اولڈ انارکلی کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ایس پی ٹریفک سٹی ڈویژن چوہدری شجاعت ،انسپکٹر احسن گوندل سمیت دیگر سینئر ٹریفک افسران نے بھی شرکت کی۔نئے ٹریفک سیکٹر کے افتتاح کے موقع پر سہیل چوہدری نے کہاکہ فورس کوخوشگوار ماحول فراہم کرنے سے ہی بہترین نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔نئے ٹریفک سیکٹرز میں چالان کی صورت میں کاغذات واپسی کے حصول کیلئے آنے والے شہریوں کیلئے بیٹھنے کیلئے انتظار گاہ ،ٹھنڈے پانی کے کولر،واش روم اور موٹر سائیکلوں کی دھوپ اوربارش سے حفاظت کیلئے شیڈ بھی قائم کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹریفک سیکٹر اولڈ ایئر پورٹ،ڈیفنس،کینٹ ،ریلوے اسٹیشن،ٹائونشپ،مغل پورہ،انارکلی اور وحدت روڈ سمیت 17نئے سیکٹرز تعمیر کئے جارہے ہیں۔ سٹی ٹریفک پولیس کے تمام ٹریفک سیکٹرز میںماڈل ٹریفک سیکٹرز جیسی سہولت فراہم کی جائیں گی تاکہ شہریوں اور سٹی ٹریفک پولیس میں خوشگوار ماحول پیدا ہو۔