ٹیوشن پڑھنے جانیوالی چھٹی جماعت کی طالبہ اغوا، بازیاب کرایا جائے: والد کی دہائی
لاہور (نامہ نگار)کوٹ لکھپت کے علاقہ میں نامعلوم افراد نے گھر سے ٹیوشن پڑھنے کیلئے جانے والی چھٹی جماعت کی 10 سالہ طالبہ کو اغوا کر لیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقہ بوستان کالونی کے رہائشی عبدالوحید کی دس سالہ بیٹی ملیحہ جمشید مقامی سکول میں چھٹی جماعت کی طالبہ ہے۔ گزشتہ روز وہ ٹیوشن پڑھنے گئی مگر واپس نہ آئی۔ ورثاء نے اس کے ٹیوشن سنٹر رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ آج ملیحہ جمشید ٹیوشن پڑھنے آئی ہی نہیں تھی۔ بچی کو ٹیوشن سنٹر جاتے ہوئے راستے میں ہی اغوا کر لیا گیا تھا۔ تاحال بچی کا کچھ پتا نہیں چل سکا۔ عبدالوحید نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ملزمان کا سراغ لگا کر اس کی بیٹی بازیاب کرائیں۔