ڈالر 100 روپے کے آس پاس‘ سونا بھی سستا‘ کراچی سٹاک مارکیٹ کا ہنڈرڈ انڈیکس پہلی بار 27 ہزار پوائنٹس کی حد پار کر گیا

11 مارچ 2014

لاہور+ کراچی (کامرس رپورٹر+ مارکیٹ رپورٹر+ ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) مقامی کرنسی کی اوپن مارکیٹ میں گزشتہ روز روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 2.75 روپے کی کمی ہوئی اور اسکا ریٹ 103.25 روپے سے کم ہو کر 100.25 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ کرنسی ڈیلرز کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی کمی کی وجہ ڈالر کے انٹر بنک ریٹ میں کمی بیان کی گئی ہے۔ گزشتہ روز ڈالر انٹر بنک میں ایک روپے 64 پیسے کی کمی ہوئی 7 مارچ جمعہ کو ڈالر کا انٹر بنک ریٹ 103.0543 تھا جو پیر کو 101.42 ڈالر کی سطح تک پہنچ گیا۔ کرنسی ڈیلرز کے مطابق ڈالر کی قیمت 100 روپے سے بھی کم ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب کراچی سٹاک ایکسچینج 27 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پار کرگیا‘ کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس میں 284 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ پیر کو کراچی سٹاک ایکسچینج ہنڈرڈ انڈیکس اپنی تاریخ کی سب سے بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ صبح جب کاروبار کا آغاز ہوا تو انڈیکس اچانک 100 پوائنٹ بڑھ گیا جوکہ دوپہر تک 27200 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا جبکہ شام کے وقت ہنڈرڈ انڈیکس قدرے نیچے آنا شروع ہوگیا۔ کاروبار بند ہونے کے وقت انڈیکس 27176 پوائنٹ پر بند ہوا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز کراچی سٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر 16 کروڑ 57 لاکھ 41 ہزار 580 شیئرز کا کاروبار ہوا جس کی مجموعی مالیت 11 ارب 19 کروڑ 75 لاکھ 22 ہزار 844 روپے بنتی ہے۔ لاہور سٹاک ایکسچینج میں سوموار کے روز تیزی کا رجحان رہا۔ مجموعی طور پر 104 کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔ 27 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ۔ 19 کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ 58 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس   21.33 پوائنٹس کے اضافہ کے ساتھ  5041.04 پر بند ہوا۔ مارکیٹ  میں  کل 34 لاکھ 78  ہزار   300 حصص  کا کاروبار ہوا۔ ادھر ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 700 روپے کمی ہوئی ہے جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 51 ہزار 300 روپے ہو گئی ہے۔