ہائیکورٹ: ای سی ایل میں نام شامل کرنے کیخلاف علی موسیٰ گیلانی کی درخواست پر وزارت داخلہ سے جواب طلب

11 مارچ 2014

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس منظور احمد ملک نے ای سی ایل میں نام شامل کئے جانے کیخلاف سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی کی دائر کردہ درخواست پر وزارت داخلہ اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ فاضل عدالت نے علی موسیٰ گیلانی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا حکومت نے ایفیڈرین کیس کی وجہ سے ان کا نام ای سی ایل میں شامل کررکھا ہے جبکہ ان کا اس مقدمے سے کوئی تعلق نہیں، وہ اپنے نجی معاملات کی وجہ سے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں مگر ای سی ایل میں نام کی وجہ سے انہیں جانے نہیں دیا جارہا۔ اینٹی نارکوٹکس نے عدالت کو بتایا علی موسیٰ گیلانی ایفیڈرین کیس میں نامزد ہیں اور سپریم کورٹ کے حکم پر ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا اگر نام نکالا گیا تو خدشہ ہے کہ وہ بیرون ملک فرار ہوجائیں گے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 14 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے وزارت داخلہ سمیت فریقین سے جواب طلب کرلیا۔