گکھڑ پولیس کی مستعدی، بزرگ سمیت چھت پر بیٹھے 2 افراد کیخلاف پتنگ بازی کا مقدمہ

11 مارچ 2014

گکھڑ منڈی (نامہ نگار) گکھڑ پولیس کی سب سے بہترین کارکردگی سامنے آئی ہے۔ چھت پر دھوپ کی غرض سے بیٹھے بزرگ سمیت 2 افراد کے خلاف پتنگ بازی کا مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق محلہ جناح ٹائون کا رہائشی ایک بزرگ محمد امین دھوپ کی غرض سے اپنی چھت پر بیٹھا ہوا تھا اتنے میں گکھڑ پولیس دروازہ کھلا دیکھ کر چھت پر آ گئی بزرگ کو چھت سے چارپائی پر لیٹا اٹھا کر ساتھ لے گئی چند مکانوں کے فاصلہ پر ایک نوجوان محمد علی اپنی چھت پر بیٹھا ہوا تھا اہلکار دونوں کو پکڑ کر تھانہ میں لے گئے اور دونوں پر پتنگ بازی کا مقدمہ درج کر لیا۔ اہل علاقہ نے پولیس کے اہلکار سے پوچھا محمد امین جو کہ بزرگ ہے پتنگ بازی تو کر ہی نہیں سکتا اس پر اہلکار نے انہیں کہا کہ ہمیں سی پی او صاحب نے کہا ہے کہ روز پتنگ بازی کے تین مقدمات درج ہونے چاہئیں مگر کوئی پتنگ اڑا ہی نہیں رہا تو ہمیں مقدمات تو پورے کرنے ہیں۔ سیاسی وسماجی حلقوں نے پولیس کی اس غنڈہ گردی کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔