پنجاب حکومت نے خصوصی بچوں کی بحالی اور تعلیم و تربیت کیلئے متعدد ٹھوس اقدامات کئے ہیں : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خصوصی بچے اہلیت اور قابلیت کے لحاظ سے کسی طور بھی نارمل بچوں سے کم نہیں ہیں۔ خصوصی بچوں کو تعلیم و تربیت کی بہترین سہولیات فراہم کرکے انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جاسکتا ہے۔ پنجاب حکومت نے خصوصی بچوں کی بحالی، نگہداشت اور تعلیم و تربیت کے لئے متعدد ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ خصوصی بچوں کے اداروں میں تعلیم و تربیت کی سہولتوں کو بہتر بنایا گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں خصوصی بچوں کی بحالی کے لئے سنٹر آف ایکسیلنس قائم کیا جا رہا ہے، سنٹر کے ساتھ 100بستروں پر مشتمل ہسپتال اور ریسرچ سنٹر بھی بنایا جائے گا۔ ڈاؤن سینڈروم خصوصی بچوں کی نگہداشت اورموثر علاج کے لئے مربوط نظام انتہائی ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں ڈاؤن سینڈروم سپیشل چلڈرن کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے اختتام پر خصوصی بچوں نے وزیراعلیٰ کو قومی پرچم اور امن کا پرچم دیا۔ خصوصی بچوں نے تقریب کے دوران اپنے چہروں کے تاثرات اور ہاتھوں کے ذریعے خوبصورت انداز میں پرفارم کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچے امن کے پیامبر اور سفیر ہیں، ان کی نگہداشت، بحالی اور تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہیں۔ پنجاب حکومت نے اس مقصد کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی ہے اور خصوصی بچوں کی بحالی کے اداروں میں تعلیم و تربیت کی سہولتوں کو بہتر بنایا گیا ہے۔ خصوصی بچوں کے تعلیمی اداروں میں ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کے لئے بڑی تعداد میں بسیں فراہم کی گئی ہیں اور ہونہار خصوصی بچوں کو لیپ ٹاپ بھی دیئے گئے ہیں۔ قوت سماعت اورگویائی سے محروم بچوں کے اساتذہ کی تربیت کے لئے بھی لاہور میں ٹریننگ کالج قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اگرچہ خصوصی بچوں کی بحالی کے لئے بے شمار اقدامات کئے ہیں تاہم اس حوالے سے ابھی مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ یہ کمیٹی جہلم میں الجلال ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام ڈاؤن سینڈروم سپیشل چلڈرن کی بحالی کے ادارے سمیت دیگر اضلاع میں خصوصی بچوں کے لئے کام کرنے والے اداروں کے دورے کرکے رپورٹ پیش کرے۔ تقریب کے دوران ڈاؤن سینڈروم سپیشل چلڈرن کے حوالے سے بیماری کا تفصیلی ذکر کیا گیا تو وزیراعلیٰ کی آنکھیں نمناک ہوگئیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو بہترین، معیاری اور با کفایت سفری سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کا مشن ہے اور اس مقصد کے لئے خطیر وسائل صرف کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں مونوریل چلانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ مونو ریل کا منصوبہ میٹرو بس منصوبے کے بعد سفری سہولیات میں ایک مزید خوبصورت اضافہ ہوگا۔ انہوں نے گزشتہ روز یہ بات اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں لاہور میں مونوریل چلانے کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کو مونو ریل کے مجوزہ منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے شب و روز کوشاں ہے اور توانائی کے حصول کے متبادل اور سستے ذرائع کے استعمال پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ صوبے میں کوئلے سے بجلی کے منصوبے لگانے کے لئے 6 مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ساہیوال میں 660 میگاواٹ کے 2کول پاور پلانٹس لگائے جائیں گے۔ اجلاس کے دوران ساہیوال میں کول پاو رپلانٹس لگانے کے سلسلے میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کول پاور پلانٹس کے لئے کولنگ سسٹم کے حوالے سے بھارتی ماڈل کا جائزہ لیا جائے۔ شفافیت پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے، منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف گزشتہ روز سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان کی رہائشگاہ پھول نگر بھائی پھیرو گئے اورانہیں بیٹے کی شادی پر مبارکباد دی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے وفاقی وزراء احسن اقبال اور عبدالقادر بلوچ نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے نارنگ منڈی کے ہسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے سینئر صحافی امتیاز راشد کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔