پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ سید‘ پیپرز اور خیابان امین نے میچ جیت لئے

11 مارچ 2014

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو کر کٹ ٹورنامنٹ کے گروپ ڈی میں تیسرے مر حلے میں سید پیپرزاور خیابان امین نے دوسرے روز ہی اپنے اپنے میچ اننگ کی برتری سے جیت لئے ۔خیابان امین گرائونڈ پر خیابان امین نے سروسز انڈسٹریز کو ایک اننگ اور 140رنز سے شکست دے دی ۔خیابان امین نے سروسز انڈسٹریز کی پہلی اننگ کے سکور 95رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگ کے مقررہ 83اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 391رنز بناکر 296رنز کی برتری حاصل کی ۔ناصر جمال 106،سلمان آفریدی 55اور وسیم اختر 54رنز بناکر نمایاں رہے ۔سروسز انڈسٹریز کی طرف سے اعجاز علی نے پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔296رنز کے خسارے میں جانے کے بعد دوسری اننگ میں سروسز انڈسٹریز کی ٹیم 156رنز بناکر آئوٹ ہو گئی ۔سٹیگ کر کٹ گرائونڈ پر سید پیپرز نے میڈی کیم کو ایک اننگ اور 114رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی ،اب تک سید پیپرز نے اپنے تینوں میچ اننگ کے واضح فرق سے جیتے ہیں ۔میچ کے دوسرے روز میڈی کیم کی پہلی اننگ کے سکور171رنز کے جواب میں سید پیپرز کی ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر 386رنز بناکر 215رنز کی برتری حاصل کی ۔مقبول احمد نے شاندار بلے باز ی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری سنچری سکور کی ۔انہوں نے 151رنز بنائے۔215رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز  میں میڈی کیم کی پوری ٹیم 101رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔ایل سی سی اے گرائونڈ میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے محکمہ اوقاف کے خلاف 190رنز کی برتری حاصل کر لی ہے ۔ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی پہلی اننگ کے سکور 443رنز کے جواب میں محکمہ اوقاف کی ٹیم اپنی اپہلی اننگ میں323رنز بناکر آئوٹ ہو گئی ۔آج اس میچ کا آخری روز ہے۔