بریگیڈئر (ر) عاطف میموریل ہاکی ٹورنامنٹ، مزید 3 میچوں کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) بریگیڈئر (ر) منظور حسین عاطف میموریل ہاکی ٹورنامنٹ کے دوسرے روز مزید تین میچوں کا فیصلہ ہو گیا۔ پنجاب اور نیوی نے اپنی حریف ٹیموں کو شکست سے دوچار کر دیا جبکہ واپڈا بی اور پاکستان آرمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ برابر رہا۔ سرگودھا ہاکی سٹیڈیم میں ٹورنامنٹ میں گذشتہ روز پہلا میچ پنجاب اور ریلوے کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پنجاب نے پاکستان ریلوے کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی ۔پنجاب کی طرف سے رضوان نے دو جبکہ حافظ شہباز نے ایک گول کیا۔ دوسرے میچ میں نیوی نے ائر فورس کے خلاف دو کے مقابلے میں تین گول سے کامیابی حاصل کی۔ نیوی کی طرف سے اسد عزیز نے دو جبکہ محمد آصف نے ایک گول کیا ۔ائر فورس کی طرف سے محمد شہباز اور محمد فیاض نے ایک ایک گول سکور کیا۔ تیسرے میچ میں آرمی اور واپڈا بی کی ٹیموں کے مابین میچ ایک ایک گول سے برابر رہا ۔ آرمی کی طرف سے کپتان محمد عمران نے جبکہ واپڈا بی کی طرف سے رانا عمیر نے گول سکور کئے۔ ٹورنامٹ میں آج تیسرے روز واپڈا اے کا مقابلہ پولیس،نیوی کا مقابلہ نیشنل بینک جبکہ پی آئی اے کا مقابلہ آرمی سے ہو گا۔ قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئن شہباز احمد سینئر مہمان خصوصی ہوں گے۔