آئندہ ایک سال میں گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کر دیں گے: حمزہ شہباز

11 مارچ 2014
آئندہ ایک سال میں گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کر دیں گے: حمزہ شہباز

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پنجاب یوتھ فیسٹیول کے زیر اہتمام صنعتی نمائش اور شاپنگ فیسٹیول ایکسپو سنٹر میں شروع ہوگیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے نمائش کا افتتاح کیا اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل و تعلیم رانا مشہود احمد ، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور اور سیکرٹری انڈسٹریز عرفان علی بھی موجود تھے۔ صنعتی نمائش میں ملک بھر سے 72 کمپنیوں نے اپنے سٹالز لگائے ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں ملکی معیشت میں بہتری آرہی ہے جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ڈالر 106 روپے کا تھا جو اب کم ہوکر 101 روپے تک آگیا ہے ۔ آئندہ ایک سال میں گیس کی لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی حکومتی اقدامات کے نتیجے میں تمام بحران جلد ختم ہوجائیں گے اور پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا۔ کراچی سے ملتان تک موٹر وے تعمیر کی جائے گی ۔ تھر میں قحط سے متاثرہ عوام کیلئے وفاقی حکومت نے ایک ارب روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یوتھ فیسٹیول کے ذریعے کھیلوں کے میدان آباد ہورہے ہیں اور گینز ریکارڈز کے ذ ریعے پاکستان کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے آرہا ہے۔