پاکستان آج حقیقی معنوں میں خطرے میں ہے، پاکستان کو بچانے کے لئے نظام تبدیل کرنا ہوگا: نواز شریف کا جلسۂ عام سے خطاب
ایبٹ آباد میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ لانگ مارچ کامیاب ہوگا، ملک کی تقدیرکو بدلنے کے لئے لانگ مارچ واحد راستہ ہے۔ اس دوران نوازشریف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لانگ مارچ میں بھر پور شرکت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ سے خالی ہاتھ واپس نہیں آئیں گے اور واپسی پر حالات تبدیل ہوچکے ہونگے۔ انہوںنے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کی لعنت نے پاکستان کو کھوکھلا کر دیا ہے، ہارس ٹریڈنگ ایک بہت بڑی لعنت ہے جسے زرداری صاحب نے دوبارہ شروع کردیا ہے، ملک میں آگ لگی ہوئی ہے اور صدر زرداری کو حکومتیں توڑنے اور گرانے سے فرصت نہیں ہے، مجھ پربغاوت کے مقدمے قائم کرنے کی باتیں کرنے والوں کے ایک ایک بال میں بغاوت رچی بسی ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ اٹھارہ فروری کے بعد یہ سمجھا تھا کہ ڈکٹیٹر سے نجات مل جائے گی مگر ملک کو ایک اور ڈکٹیٹرمل گیا۔ انہوں نےکہا کہ تمام ترحالات کے باوجود صوبۂ سرحد کی قیادت کے قدموں میں لغزش نہیں آئی، سینیٹ انتخابات میں کروڑوں کی پیشکش مسترد کرنے والوں کوسلام پیش کرتا ہوں۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ ہم نے جمہوریت کیلئے قید کاٹی اور جلا وطنی برداشت کی، امید تھی کہ الیکشن کے بعد حالات ٹھیک ہو جائینگے لیکن سب کچھ برباد ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج حقیقی معنوں میں پاکستان خطرے میں ہے، ہرطرف اندھیرہ ہی اندھیرہ ہے، بیروزگاری عام ہے، غربت نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم موجودہ نظام سے سمجھوتہ نہیں کرسکتے، ملک میں آئین اورقانون کے خلاف کیسے سمجھوتہ کر سکتے ہیں، تاہم آج فیصلہ کن لمحات ہیں جو تاریخ کو بدل کر رکھ دینگے، مجھے لگ رہا ہے کہ پاکستان کے عوام جاگ رہے ہیں، اپنی ذمہ داری کو محسوس کررہے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار مہتاب نے کہا کہ مشرف کی روح ہمارے لیڈر میں نہیں صرف صدر زرداری میں گھس سکتی ہے، پیر صابر شاہ کا کہنا تھا کہ زرداری کے بعد مشرف کی روح مولانا فضل الرحمن میں بھی سما چکی ہے۔