ڈیڑھ لاکھ سے زائد بچوں کوٹائیفیڈکے حفاظتی ٹیکے لگائے جائینگے:ڈی سی حافظ آباد
حافظ آباد( نمائندہ نوائے وقت )ڈپٹی کمشنر نورش صباء کا کہنا ہے کہ کم عمر بچوں کو ٹائیفیڈ بخار سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم 14جون سے شروع کی جا رہی ہے جس میں نو ماہ سے پندرہ سال تک کی عمر کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائینگے۔ پہلے مرحلہ میں حافظ آباد سٹی سمیت ضلع کی گیارہ اربن یوسیز میں حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم چلائی جائیگی ،والدین محکمہ صحت کی ٹیموںسے تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو ٹائیفڈبخار سے بچانے کے لیے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار محکمہ صحت کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر رحمت اللہ ثاقب،صدر پی ٹی آئی چودھری مبشر عباس بھٹی،ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر ظہیر احمد سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں ،مقامی علمائے کرام،سکولز ایسوسی ایشن کے نمائندوںنے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بچوں کی صحت اور انکے بہتر مستقبل کے لیے صحت مند اقدامات حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ٹیکوں کی مہم حافظ آباد سٹی،پنڈی بھٹیاں،جلاپور بھٹیاں،کالیکی،ونیکے تارڑ اور سکھیکی میں شروع کی جائیگی جس کے لیے انتظامات مکمل ہیں ۔