اشتہاری کی بیوی اور بیٹے کا پولیس پر حملہ، لیڈی کانسٹیبل کی وردی پھاڑ دی
رحیم یارخان ( کرائم رپورٹر) فیصل آباد میں فراڈ کے درج مقدمہ کے مطلوب ملزم کو گرفتار کرنے کے لئے جانیوالی فیصل آباد اور مقامی پولیس پر اشتہاری کی بیوی اور بیٹے کا حملہ، لیڈی کانسٹیبل کی وردی پھاڑ ڈالی، بھائی پولیس سے دست وگربیان، مطلوب اشتہاری مجرم موقع سے فرار،۔ تفصیل کے مطابق تھانہ گلبرگ( فیصل آباد) کااسسٹنٹ سب انسپکٹر عمر دراز کانسٹیبلان علی رضا، اویس اور تھانہ سی ڈویژن میں تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبدالنعیم کے ہمراہ تھانہ گلبرگ فیصل آباد میں فراڈ کے درج مقدمہ کے ملزم محمد اشرف جو کہ میاں ٹائون شہباز پورروڈ کا رہائشی ہے کو گرفتارکرنے کے لئے گھرپر چھاپہ مارکر اشتہاری محمداشرف کو حراست میں لے لیاتاہم اسی دوران اشتہاری محمداشرف کی بیوی رابعہ اور بیٹے محمداحمدنے مزاحمت شروع کردی اور بیوی رابعہ نے لیڈی کانسٹیبل اقراء حمید پر حملہ کرتے ہوئے وردی پھاڑ ڈالی اور تشدد کانشانہ بنایاجبکہ بیٹا محمداحمد پولیس اہلکاروں سے دست وگربیاں ہوگیا، جس کافائدہ اٹھاتے ہوئے اشتہاری مجرم محمداشرف موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ بعد ازاں پولیس نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبدالنعیم کی مدعیت میں ماں بیٹے اور فرار ہونے والے اشتہاری شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔