فوڈ اتھارٹی کا مقصد ملاوٹ سے پاک خوراک پہنچانا ہے: غلام رسول شاہ
حیدرآباد (نامہ نگار) سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سید غلام رسول شاہ نے کہا ہے کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کو اعتماد میں لے کر مارکیٹوں کا دورہ کیا جائے گا اور جو کوئی SOPs کی خلاف ورزی کرتے پایا گیا تو چیمبر کی مشاورت سے اْس پرقواعد کے تحت جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ چالان جاری ہونے کے بعد کسی بھی شخص کو رشوت نہ دیں، فوڈ اتھارٹی حکام کامقصد محض دکانوں کو سیل کرنا نہیں ہے بلکہ عوام تک ملاوٹ سے پاک فوڈ کی فراہمی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی اس سلسلہ میں واضح طور پر عوام کے لئے بہت اچھا کام کررہے ہیں۔ اِن خیالات کا اظہار اْنہوں نے چیمبر کے صدر سلیم الدین قریشی کی دعوت پر چیمبر کے کانفرنس ہال میں تاجروں و صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اْنہوں نے تاجروں سے درخواست کی کہ SOPs پر عملدرآمد کریں، سب اچھے لوگ ہیں، مل کر بہت خوشی ہوئی، چیمبر کی سب کمیٹی فوڈ کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ اِس سے قبل صدر سلیم الدین قریشی نے مہمانوں کا استقبال کیا اور اپنے استقبالی کلمات میں کہا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری ضلع حیدرآباد کے تاجروں و صنعتکاروں کا واحد رجسٹرڈ ادارہ ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں آپریشن کیا جارہا ہے وہاں پہلے آگاہی پروگرام کیا جائے جیسے شمع کمرشیل ایریا میں جب تک فوڈ اتھارٹی کی جانب سے آگاہی پروگرام نہ ہو اْس وقت تک آپریشن نہ کیا جائے اور پورے شہر حیدرآباد میں آگاہی مہم کی ضرورت ہے۔ سب کمیٹی برائے فوڈ کے کنونیئر چوہدری محمد اسلم نے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارتی کا قیام پچھلے 3-4 سال میں عمل میں لایا گیا۔ اور جب سے تاجر و صنعتکار برادری کا تعلق اِس ادارے سے وابسطہ ہے، مگر یہ ادارہ اپنا مقام ابھی تک نہیں بنا سکا، کچھ لوگوں کا رویہ تاجروں کے ساتھ غیر مناسب رہا ہے، لائسنس کے طریقہ کار کو آسان اور سہل بنایا جائے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سلیم الدین میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی تاجر سے ذیادتی نہیں کی جائے گی، آپ ہی لوگوں سے ہمیں معلومات ملتی ہیں۔ اِس موقع پر سابق صدور دولت رام لوہانہ، محمد اکرم انصاری، اراکین فوڈ کمیٹی سکندر علی راجپوت، محمد فہد میاں، محمد یاسین خلجی، ڈاکٹر عبدالجبار راجپوت، محمد سہیل میمن، شیخ غلام رسول، گرمکھداس، رمیز الدین احمد، اسد جعفری و دیگر تاجر حضرات موجود تھے۔