کے ڈی اے اراضی کی شفاف نیلامی کا عمل جاری
کراچی (نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی کی سربراہی میں رواں سال کے ڈی اے اراضیوں کو صاف و شفاف طریقے سے نیلام کرنے کی کارروائی گزشتہ ماہ سے جاری ہے۔ اس ضمن میں آج نارتھ کراچی، کلفٹن، کورنگی، ناظم آباد، سرجانی ٹان میں موجود کمرشل پلاٹس اور پیٹرول پمپ کی نیلامی انتظامیہ کے رائج کردہ طریقہ کار کے تحت مکمل کرلی گئی۔نیلامی کی کارروائی سوک سینٹر سیمینار ہال میں کی گئی جس میں بولی دہندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نیلامی کی کارروائی براہ راست نشر کی گئی۔ اس کے علاوہ کے ڈی اے ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔ نیلامی کے عمل کے دوران خواہشمند افراد نے کے ڈی اے کے قیمتی ترین پلاٹس کے حصول کے لئے بھرپور حصہ لیا۔ کامیاب بولی دہندگان نے 25 فیصد بینک پے آرڈر کی مد میں رقم جمع کرائی جبکہ بقایا جات کی ادائیگی کے بعدکامیاب بولی دہندگان کو پلاٹس الاٹ کردیئے جائیں گے۔ نیلامی کے عمل کے دوران ڈائریکٹر لینڈ، ڈائریکٹر آئی ٹی، ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ریکوری، ایڈیشنل ڈائریکٹر کمرشل سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔