’’حلال لیبارٹری کیسے قائم کریں‘‘کے موضوع پر تربیتی کورس
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)حلال لیبارٹری کیسے قائم کریں" کے موضوع پر کامسٹیک کا 3 روزہ تربیتی کورس جمعرات کو اختتام پذیر ہوگیا۔اس کورس کے دوران آٹھ تکنیکی سیشنز کا انعقاد کیا گیا جن میں قومی اور بین الاقوامی مقررین نے 23 لیکچرز دیئے۔ ہر لیکچر تیس منٹ کے دورانیے پر مشتمل تھا۔حلال کے تصور کا تعارف ، حلال انڈسٹری کے بارے میں عالمی نظریہ ، حلال ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کے معیارات ، کھانے میں غیر حلال آلودگیوں اور سور کے گوشت سے متعلق جانچ ، حلال سائنس ریسرچ اور جدت کے حالیہ رجحانات ، شریعت کے پیش نظر حلال، اور لیبارٹریوں کی جانچ کے لئے حلال پالیسی اور انتظام ، اس تربیتی کورس کے کلیدی موضوعات تھے جن پر سائنس دانوں اور مسلم مذہبی اسکالروں نے جامع لیکچرز دیئے۔اختتامی خطاب پاکستان حلال اتھارٹی کے ناظم اختر اے بوگیو نے کیا۔