یوم پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ کل سے راولپنڈی میں شروع ہو گا
راولپنڈی(آئی این پی)سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوم پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ(کل)ہفتہ سے شہناز شیخ ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہو گا جس میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے رجسٹرڈ کلبوں کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری شیخ علی عابد نے بتایا کہ یہ ٹورنامنٹ مارچ میں منعقد ہونا تھا مگر کورونا وبا کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا تھا، ٹورنامنٹ میں سنیئر اور جونیئر انڈر 16کے مقابلے منعقد ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ سنیئر ٹورنامنٹ میں 16جبکہ انڈر 16ایونٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے 27جون کو کھیلے جائیں گے۔