10فیصد کمی ،مئی میں2.5ارب ڈالرز کی ترسیلات موصول
کراچی(کامرس رپورٹر)بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مئی کے دوران 2.5ارب ڈالرز کی ترسیلات کیں جو کہ اپریل2021کے مقابلے میں10فیصد کم ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق مئی 2021میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی شاندار کارکردگی جاری رہی اور وہ مسلسل بارہویں مہینے 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں جو ریکارڈ ہے۔مئی 2021 میں موصول ہونے والی ترسیلات 2.5 ارب ڈالر تھیں جو گذشتہ سال کے اسی مہینے سے 33.5 فیصد زیادہ ہے،یہ ترسیلات جولائی تا اپریل مالی سال 21 کے دوران 2.4 ارب ڈالر کی ماہانہ اوسط سے بھی زیادہ تھیں۔ماہ بہ ماہ بنیاد پر کارکنوں کی ترسیلات مئی 2021میں اپریل 2021 کے مقابلے میں 10.4 فیصد گر گئیں، یہ کمی متوقع تھی کیونکہ عموماً عیدالفطر کے بعد ترسیلات کی رفتار کم ہوجاتی ہے، چونکہ عید وسط مئی 2021 میں پڑی تھی اور مارکیٹیں ایک ہفتہ پہلے بند ہوگئیں تھیں، اس لیے اپریل 2021 میں ترسیلات کی کچھ فرنٹ لوڈنگ ہوئی، تاہم مئی 2021میں ہونے والی موسمی کمی مالی سال 2016-2019 کے دوران دیکھی گئی اوسط کمی کے نصف سے نیچے تھی۔ مالی سال 2020 میں خلیجی ممالک میں عید کے بعد کے زمانے میں کوویڈ لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے ترسیلات میں بھاری اضافہ ہوا۔مجموعی بنیاد پر جولائی تا مئی مالی سال 21 کے دوران ترسیلات بڑھ کر 26.7 ارب ڈالر ہوگئیں جو پچھلے برس کی اسی مدت سے 29.4 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 21کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران ہی ترسیلات زر پورے مالی سال 20 کی سطح سے 3.6 ارب ڈالر زیادہ ہوچکی ہیں۔جولائی تا مئی مالی سال 21 کے دوران موصول ہونے والی ترسیلات زر زیادہ تر سعودی عرب (7.0 ارب ڈالر)، متحدہ عرب امارات (5.6 ارب ڈالر)، برطانیہ (3.7 ارب ڈالر) اور امریکا (2.5 ارب ڈالر) سے آئیں۔