وزارت آئی ٹی کے تحت کوئٹہ میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم
اسلام آباد(کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق کی ہدایت پر کوئٹہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کردیا گیا۔ کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب واقع سافٹ ویئر پارک 13 ہزار 800 مربع فٹ جگہ پر مشتمل اور جدید سازوسامان اور سہولیات سے آراستہ ہے۔اس سلسلے میں جمعرات کو یہاں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ یادداشت پر پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر عثمان ناصر اور الٹرا سافٹ سسٹم کے چیف ایگزیکٹیو آصف نعیم نے دستخط کیئے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کی ایک تاریخی اور سماجی اہمیت ہے پہاڑوں سے گھرے اس شہر کے لوگ بھی عزم و ہمت میں پہاڑوں کی طرح ہیں۔ مجھے امید ہے کہ اس سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کے قیام سے یہاں کے تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال نوجوانوں کو دنیا بھر میں اپنی صلاحیتیں منوانے اور پاکستان کیلئے بھاری ریونیو کے حصول کا ایک سنہری موقع حاصل ہوگا۔سید امین الحق کا کہنا تھا کہ اب اس بات میں کسی کو شبہ نہیں رہا کہ اگر ملک کی اقتصادی حالت کو مستحکم کرنا اور لاکھوں باعزت نوکریوں کے مواقع پیدا کرنا ہیں تو آئی ٹی کے شعبے سے بہتر کوئی دوسرا شعبہ نہیں ہے اس لیئے ہماری ترجیحات میں آئی ٹی کے شعبے کو نہ صرف ترقی دینا ہے بلکہ ڈیجیٹل پاکستان ویڑن کے تحت دنیا بھر میں پاکستان کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کے ذریعے اپنی ایک منفرد شناخت بنانی ہے۔اور اس ڈیجیٹل ترقی کے عمل میں ہم بلوچستان کو نہیں بھولے ہیں۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے بتایا کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے، بہت جلد 31 ارب روپے کی لاگت سے کراچی میں آئی ٹی پارک منصوبے کا آغاز کردیں گے جبکہ ملک بھر میں رواں سال کے اختتام تک سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کی تعداد 25 کردی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ میں نے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں ایسی عمارات کی نشاندہی کریں جو خالی یا کسی استعمال میں نہیں اور ان عمارات کے مالکان سے بات کرکے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کا جال ملک بھر میں پھیلایاجائے۔ انھوں نے کہا کہ آئی ٹی شعبے میں خواتین کی شمولیت یقینی بنائی جائے خاص طور آئی ٹی مصنوعات کی برآمدات میں وہ خواتین اہم کردار ادا کرسکتی ہیں جو تعلیمیافتہ ہیں لیکن گھر سے باہر ملازمت ان کیلئے ممکن نہیں۔ اس موقع پر پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر عثمان ناصر نے کوئٹہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انھوں نے بتایا کہ آئی ٹی کمپنیوں کی رہنمائی اور اور انھیں سہولیات کی فراہمی کیلئے وفاقی وزیر کی ہدایت پر تیزی سے اقدامات کیئے جارہے ہیں اسی طرح ملک کی معروف جامعات میں بھی ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کیلئے تیزی سے کام ہورہا ہے۔