لاہور قلندرز نے ٹم ڈیوڈ اور بین ڈنک کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی کو فتح کے لیے 171 رنز کا ہدف دیا ہے۔ابوظبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔قلندرز نے اننگز کا آغاز کیا تو پشاور زلمی کے باؤلرز کے سامنے بلے باز بالکل بے بس نظر آئے اور ایک ایک کر کے وکٹ گنواتے رہے۔ اس بحرانی صورتحال میں ٹم ڈیوڈ اور بین ڈنک وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے داری کے ساتھ اسکور بڑھانے کے ساتھ ساتھ بڑے شاٹس لگانا بھی شروع کیے۔
دونوں کھلاڑیوں نے 50 گیندوں پر 81 رنز کی شراکت قائم کی اور اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب ڈنک 33 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں سے مزین 48 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے جبکہ گزشتہ میچ کے ہیرو راشد خان بھی صرف 8 رنز بنا کر فیبیئن ایلن کی دوسری وکٹ بن گئے۔اختتامی اوورز میں جیمز فالکنر اور ٹم ڈیوڈ نے جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا اور دونوں نے وہاب ریاض کے ایک اوور میں 29 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 12 گیندوں پر 47 رنز کی ساجھے داری قائم کی۔قلندرز کی اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے پہلے 10 اوورز میں 43 اور آخری دو اوورز میں 44 رنز بنائے۔