تحریک انصاف نے آئندہ مالی سال 20-19 کے بجٹ میں دیگر صوبوں اور علاقوں کی طرح کراچی اور فاٹا کے لیے بھی خصوصی بجٹ مختص کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر اسدقیصر کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے ریونیو حماد اظہر نے بجٹ تقریر کی اور اعداد و شمار پیش کیے۔
کراچی کا ترقیاتی بجٹ
حکومت نے کراچی کے لیے 9 ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے اس کے لیے 43.5 ارب روپے مختص کیے جبکہ پشاور کراچی موٹر وے کےسکھر سیکشن کیلئے19ارب روپےمختص کرنے کی سفارش کی گئی۔
حکومت کی جانب سے ملک بھر کے مجموعی ترقیاتی کاموں کے لیے 18 ارب روپے مختص کیے گئے، جبکہ مزدور کی کم سے کم تنخواہ کو 17ہزار 500 روپے مختص کیا گیا، گریڈ 1سے 16گریڈ تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ کیا گیا اسی طرح 17سے20گریڈ تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 5فیصد اضافہ کیا گیا جبکہ 21سے22گریڈ تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کااعلان کیا گیا۔
وفاقی کابینہ اور اراکین اسمبلی نے رضاکارانہ طور پر اپنی تنخواہوں میں 10 فیصد کمی کا فیصلہ کیا۔ بجٹ کا حجم 67 کھرب روپے مختص کیا گیا جبکہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 550 ارب روپے مختص کیا گیا۔