وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ(ن)کے رہنما حمزہ شہباز کی گرفتاری پر کہا ہے کہ آج عدالتوں نے آزادی کا ثبوت دے دیا،ہمارا ایک ہی پوائنٹ ہے کہ قانون سب کیلئے برابر ہے،کوئی قانون سے بالاتر نہیں، ادارے آزاد ہیں، قانون کی سربلندی کا فرض ادا کر دیا، پہلے طاقتور اور کمزور کے لئے قانون کی تشریح الگ الگ تھی ،وزیراعظم کے قوم سے وعدے کی جانب آج پہلا قدم ہے،قوم کے مال و دولت پر ہاتھ صاف کرنے والوں کے احتجاج کو عوام مسترد کردیں گے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یکساں قانون کا اطلاق یقینی بنانے پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہاتھا طاقتوراور کمزور کے لیے یکساں قانون کا اطلاق ہوگا،عمران خان نے قانون کو طاقت دی اور خودمختار بنایا تاکہ فیصلے کسی کی منشاء کی بجائے قانون کے مطابق ہوں۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ماضی میں عدالتیں مرضی کی تشریح کرتی رہیں تاہم آج عدالتوں نے آزادی کا ثبوت دے دیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان نے قانون کی بالادستی کے لئے جدوجہد کی اور حمزہ شہباز اور آصف علی زرداری کا قانون کے تابع آنا مثبت پیش رفت ہے، حمزہ اور زرداری کی گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے کہ قانون لٹیروں کے چنگل سے آزاد ہو گیا ہے۔ قانون کی آزادی اور بالادستی عوام کو مبارک ہو۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم نے اداروں کو قانون کے تابع بنایا، 70 برس سے سیاستدانوں نے قانون کو یرغمال بنایا ہوا تھا جس کو عمران خان نے آزاد کرایا۔انہوں نے کہا کہ اب صرف اور صرف قانون کی بالا دستی ہوگی، ادارے مضبوط ہوں گے تو غلطی کی گنجائش نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ قانون آزاد ہو گا تب ہی رول آف لاء ہو گا۔ رول آف لاء ہو گا تو ادارے خودمختار ہونگے۔ ادارے خودمختا رہونگے تو کسی کیلئے غلطی کی گنجائش نہیں ہو گی۔ قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومتی عہدیدار بھی ایسا کرے گا تو اس پر کوئی دوسرا قانون نہیں بلکہ یہی قانون لاگو ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاک فوج نے اپنا بجٹ منجمد کر کے قوم کو اچھا پیغام دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی عوام دوست پالیسی اور سوچ پر مہر ثبت کی گئی ہے۔ پاک فوج ملک و قوم کے لئے قربانی دینے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ اور قائم مقام حکومت نے غیرحقیقی اقتصادی اہداف طے کیے تاکہ آئندہ منتخب حکومت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑے۔معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار پاکستان کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل کر چلے گئے اور مجھے خوشی ہوگی کہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں بتائے کہ وہ پاکستان واپس کیوں نہیں آرہے۔وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے حمزہ شہباز کی گرفتاری پر ردعمل میں کہا کہ آج ثابت ہو گیا کہ ادارے آزاد ہیں، قانون کی بالادستی وزیراعظم کا مشن ہے جو جاری رہے گا۔ قومی خزانہ لوٹنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے رہیں گے۔انھوں نے کہا کہ کرپشن کرنے والے بے نقاب ہو گئے، جب بھی نیب ان کو بلاتا ہے تو یہ بہانے تراشتے ہیں۔ ملک میں امیر اورغریب کیلئے مختلف قانون نہیں، سب کو قانون کے تابع ہونا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ ٹولہ عوام کے خلاف تحریک چلا کر خود کو رسوا کرنے کا انتظام کر رہا ہے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38