ماہ رمضان میں سحری وافطار کے وقت سوئی گیس غائب،صارفین پریشان
ملتان(نمائندہ خصوصی)محکمہ سوئی گیس کی جانب سے رمضان المبارک میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے اعلانات کے باوجود اکثر علاقوں میں گیس کے کم پریشر اور لوڈشیڈنگ پر قابو نہیں پایا جاسکا۔ سوئی نادرن گیس پائپ کمپنی کی جانب سے رمضان المبارک میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے اعلانات کئے گئے تیسرا عشرہ شروع ہوچکا ہے تاہم سحری و افطاری کے وقت گیس کے کم پریشر اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہریوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے اکثر لوگ سحری کا سامان تیار نہیںکرپاتے اور مجبوراً بازار سے سحری کرنا پڑتی ہے سحری کے وقت گلزیب کالونی ،مظفر آباد‘ انڈسٹریل سٹیٹ‘ گارڈن ٹاؤن‘ مشتاق کالونی‘ چناب کالونی او ر دیگر علاقوں میں گیس کے کم پریشر کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے سحری کے وقت گیس کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا کہا گیا تھا لیکن اس کے باوجود رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں گیس کے کم پریشر سے انہیں سحری کے وقت بہت مشکلات کا سامنا ہے جبکہ افطاری سے دو گھنٹے قبل گیس غائب ہوجاتی ہے گرمیوں میں گیس کا نہ آنا تشویشناک ہے۔