لاہور سمیت کئی شہروں میں آندھی بارش چھتیں گرنے حادثات سے 16 جاں بحق سینکڑوں فیڈربند بجلی معطل
لاہور+ شجاع آباد+ ملتان+ فیصل آباد (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاروں سے+ نمائندہ خصوصی) لاہور سمیت کئی علاقوں میں تیز آندھی کے بعد بارش کی وجہ سے چھتیں گرنے اور مختلف حادثات میں خاتون سمیت 16 افراد جاں بحق ہوگئے۔ بارش کے باعث سینکڑوں فیڈر بند ہونے سے بجلی کی سپلائی بھی معطل ہو گئی۔ ادھر سحر و افطار میں حکومتی اعلانات کے باوجود بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ رک سکی، وولٹیج کی کمی اور بار ٹرپنگ سے الیکٹرانک اشیاء کا جلنا معمول بن گیا۔ ہفتے کی سہ پہر تیز آندھی کے بعد بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ جلالپور جٹاں میں گرمی کا ستایا دریا میں نہانے والا دبئی پلٹ نوجوان ڈوب گیا۔ بہاولنگر میں مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ کئی مکانات کی چھتیں گر گئیں مختلف حادثات میں 28 افراد زخمی بھی ہوئے۔ لاہور میں ایل ڈی اے سوسائٹی میں مکان کی چھت گر گئی۔ جس کے ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ بوریوالہ میں بارش کے باعث دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے۔ فیصل آباد میں چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اس کا شوہر زخمی ہوگیا۔ شجاع آباد میں مدرسے کی چھت گرنے سے بچے زخمی ہوگئے۔ جلالپورجٹاں سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گائوں چوپالہ کا رہائشی دبئی پلٹ23 سالہ نوجوان شہباز چوپالہ کے مقام پر دریائے چناب میں نہا رہا تھا کہ اچانک گہرے پانی میں جانے سے ڈوب گیا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق میراں والہ بنگلہ سرگودھا روڈ میں آندھی، بارش کے باعث گھر کی چھت گر گئی جس سے خاتون جاں بحق اور شوہر مزمل زخمی ہوگیا۔ لودھراں میں تیز آندھی کی وجہ سے مکان کی چھت گرنے سے چار افراد زخمی ہوگئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں آندھی سے متعدد گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ روز موسم خوشگوار ہوگیا‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردو نواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جوں کا توں جاری ہے ، پانی کی سپلائی کا نظام بھی درہم برہم ہوکر رہ گیا۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق رمضان میں میپکو کی بدترین لوڈشیڈنگ روزے داروں کیلئے وبال جان بن گئی، بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث شدید گرمی میں شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، روزے داروں کا کہنا ہے کہ حکومت ایسے اعلان ہی کیوں کرتی ہے جن پر عمل نہیں کروا سکتی۔ گکھڑمنڈی سے نامہ نگار کے مطابق تیز اور ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں آسمان پر گہرے بادل اور ہلکی پھلکی بارش سے موسم کی شدت میں واضح کمی واقع ہوئی‘ اور روزہ داروں نے سکھ کا سانس لیا۔ کمیر سے نامہ نگار کے مطابق کمیر اور گردونواح میں طوفان بادوباراں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی‘ افطاری اندھیرے میں کرنی پڑی۔ چیچہ وطنی کے علاقے الفتح ٹائون میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی‘ چھت گرنے سے دس سالہ بچہ جاں بحق اور 5 خواتین زخمی ہو گئیں۔ طوفانی آندھی کے بعد موسلادھار بارش سے نشیبی علاقہ زیرآب آ گیا‘ پانی لوگوں کے گھروں‘ دکانوں میں داخل ہو گیا۔ صوبائی دارالحکومت میں تیز ہوائوں اور بارش کے باعث لیسکو کے بجلی کے ترسیلی نظام کو متاثر کیا۔ لاہور شہر کے چاروں اطراف لیسکو کے 170 کے قریب فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ دو روز قبل لاہور میں بارش سے لیسکو کے فیڈرز مکمل ٹھیک نہیں ہوئے تھے۔ ہفتے والے روز بارش نے مزید 170 فیڈرز بند ہو گئے۔ اقبال ٹائون‘ کوئنز روڈ (لیسکو ہیڈ آفس) مال روڈ دونوں اطراف نیو مسلم ٹائون‘ مصطفی ٹائون‘ اچھرہ‘ مزنگ‘ جوہر ٹائون سمیت دیگر میں فیڈرز بند ہونے سے بجلی غیراعلانیہ طور پر بند ہو گئی۔ شہریوں کو افطاری کے اوقات میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ لیسکو حکام کے مطابق بارش رکنے کے بعد بجلی کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا تھا۔ مقررہ وقت کے اندر بجلی بحال کر دی گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے راول لیک میں دو بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ 13 سالہ محمد عمر اور 11 سالہ سعدیہ راول لیک کے کنارے پر کھیل رہے تھے‘ اچانک پانی میں گرنے سے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ عارفوالا سے نامہ نگار کے مطابق عارف والا و گردونواح میں طوفان کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش مختلف مقامات پر مسجد کی چھت و مکانات گرنے سے امام مسجد سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ 30 افراد زخمی۔ جامعہ اسلامیہ میں مسجد کی چھت گرنے سے امام مسجد قاری محمد اظہر موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کی بیٹی شدید زخمی ہوئی‘ ترکھنی روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے 40 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئی جبکہ دیوار گرنے سے 50 سالہ اللہ دین دم توڑ گیا۔