داعش بانی ابوبکر البغدادی کی ایک اہلیہ کو  سزائے موت دوسری بیوی، بیٹی کو عمر قید

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراق کی ایک عدالت نے داعش کے مقتول بانی ابوبکر البغدادی کی اہلیہ اسما محمد کو سزائے موت جبکہ دوسری بیوی اور بیٹی کو عمر قید سنا دی۔ عرب میڈیا کے مطابق عراقی علاقے کرخ کی ایک فوجداری عدالت نے اسما محمد کو داعش کے لئے کام کرنے اور یزیدی خواتین کو اپنے گھر میں یرغمال بنانے کے جرم میں 2005ء کے انسداد دہشت گردی قانون کے تحت سزائے موت سنائی۔ عدالت کے چار ججز میں سے ایک نے فیصلے کی مخالفت کی۔ العربیہ نیوز  نے دعویٰ کیا ہے کہ ابوبکر البغدادی کی تیسری بیوی نورالزوبعی اور بیٹی امیمہ کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اسما پر نوجوان لڑکیوں کو بھرتی کر کے اپنے شوہر البغدادی کے حوالے کرنے کا الزام بھی تھا اور مبینہ طور پر یزیدی لڑکیوں کو جنسی استحصال کیلئے بھی گھر میں رکھا۔