فضل محمود نیشنل کلب چیمپئن شپ کرکٹ،لاروش فتحیاب
کراچی(اسپورٹس رپورٹر) ابھرتے ہوئے آل رائونڈر لیفٹ آرم اسپنر حماد سعید کی تباہ کن بولنگ 4 اور آف اسپنر سعید علی کی شاندار بولنگ 3 وکٹوں کی بدولت لاروش کرکٹ کلب زون 2 نے حریف سرجانی اسپورٹس کو باآسانی 8 وکٹوں سے مات دے کر کے سی سی اے زون 2 کے زیر نگرانی فضل محمود نیشنل کلب چیمپیئین شپ میں کامیابی حاصل کرلی۔ ٹی ایم سی کرکٹ گرائونڈ گلبرگ کی سر سبز فیلڈ پر کھیلے گئے میچ میں سرجانی اسپورٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 22.5 اورز میں پوری ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔عظیم احمد 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 22 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ارشد خان نے 17 رنز میں 3 چوکے لگائے۔ لیفٹ آرم اسپنر حماد سعید نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 25 رنز کے عوض 4 جبکہ آف اسپنر کپتان سعید علی نے 21 رنز کے عوض 3 حریف بیٹسمینوں پویلین واپسی کا پروانہ تھمایا۔ جوابی بیٹنگ میں لاروش کرکٹ کلب نے مقررہ 106رنز کا حدف 11.3. اورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ نوجوان اوپنر حیدر عباس نے دلکش بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29 گیندوں پر 5 خوبصورت چوکوں اور 2 شاندار چھکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے، وکٹ کیپر بیٹسمین واحد خان نے حیدر عباس کا ساتھ نبھاتے ہوئے 30 گیندوں پر 5چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 37 رنز بنائے دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کی 87 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔ حماد سعید نے 3 چوکوں کی بدولت 5 گیندوں پر 14 کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ مزکورہ میچ کو امپائرز محمد ریحان اور کامران ظہیر نے سپروائز کیا جبکہ آفیشل اسکورر سید عمران علی تھے۔