امان عتیق نے پہلے ڈی ایچ اے کپ چیمپیئن شپ میں ڈبل کرائون جیت لیا
اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر) امان عتیق نے پہلے ڈی ایچ اے کپ ٹینس چیمپیئن شپ میں سنگلز اور ڈبلز فائنل جیتتے ہوئے ڈبل ٹائٹل جیت لیا۔ امان عتیق نے سنگلز کے فائنل میچ میں حسین کو 6-2اور6-0سے جبکہ ڈبل فائنل میں انہوں نے دانش کے ساتھ مل کر سیف خان اور تیمور کو6-1اور6-0سے شکست دی۔ امان عتیق کی ہمشیرہ یاشا عتیق نے فائنل میں مس عالیہ کو ہرا کر لیڈیز ٹائٹل جیتا۔ ، مینز ڈبلز(پلس 50) فائنل میں بر یگیڈیئر طارق اور کرنل آصف بیگ نے بریگیڈیئر حئی اور بریگیڈیئر سعید کو جبکہ مینز سنگلز (پلس 50) فائنل میں کرنل سلمان نے کرنل سلطان کو ہرا یا۔ ڈی ایچ اے اسلام آباد/ راولپنڈی کے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈیئر طارق سعید مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈی ایچ اے کپ ٹینس چیمپیئن شپ کے انعقاد میں بھر پور تعاون کرنے پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا۔ سابق ڈیوس کپ کھلاڑی اور قموی ٹیم کے سابق کپتان انعام الحق نے صدر پاکستان ٹیسن فیڈریشن سلیم سیف االلہ خان کی جانب سے مہمان خصوصی بریگیڈیئر طارق سعید کو پی ٹی ایف کی شیلڈ پیش کی ۔ انعام الحق نے صدر پی ٹی ایف کی جانب سے ڈی ایچ اے انتظامیہ کو ٹینس چیمپیئن شپ آرگنائز کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈی ایچ اے کی انتظامیہ مستقبل میں قومی سطح کے ٹورنامنٹس کی بھی میزبانی کیا کرے گی۔ ڈی ایچ اے اسلام آباد/ راولپنڈی کے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈیئر طارق سعید نے کہا کہ ہم نہ صرف ٹینس کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں گے بلکہ ٹینس کے ساتھ ساتھ گھڑ سواری، ایرو ماڈلنگ، مارشل آرٹس کھیلوں کو بھی آرگنائز کریں گے۔