حلقہ کے عوام کو محرومیاں دینے والوں کامحاسبہ کرینگے ،ماجد نواز ارائیں
دوکوٹہ ( نا مہ نگار) گھلو آرائیں اتحاد گروپ کے حلقہ این اے 165سے امیدوار میاں ماجد نواز آرائیں اور صوبائی امیدوار حلقہ پی پی 235چوہدری غضنفر عباس گھلو نے قائد گھلو گروپ چوہدری ارشاد احمد گھلو کے ہمراہ معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حلقے میں ماضی میں صحت ،تعلیم اور میٹھے پانی کی فراہمی جیسے اہم منصوبوں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس وجہ سے یہاں کے سکول اور ہسپتال اپ گریڈ نہ ہو سکے ان دونوں شعبوں پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے عوام میں تعلیم اور صحت کا فقدان پیدا ہوا انہوں نے کہا کہ ہمارے گروپ کو عوام میں بھر پور پذیرائی مل رہی ہے ہماری بڑھتی ہوئی مقبولیت پر مخالفین پریشانی کا شکار ہیں انشا اللہ 25جولائی کو ہمارا پورا پینل عوام کے ووٹ کی طاقت سے کامیابی سے ہمکنار ہو کر پورے حلقے میں تعلیم ،صحت اور میٹھے پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر بلا تفریق کام کرے گا ۔ گھلو آرائیں گروپ کامیاب ہو کر عوام کی امیدوں پر پورا اترے گا اور ہم اسمبلیوں میں جا کر مزے کرنے کی بجائے ڈیموں کی تعمیر کیلئے بھی آواز بلند کریں گے چوہدری قمر عباس ،حاجی محمد اسلم ،محمد شفیق کونسلر ،ڈاکٹر محمد صادق ،محمد عمران ،علی اکبر ،محمد عامر گجر اور عرفان گجر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔