ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 21 قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواران کو نوٹس جاری
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر عمر جہانگیر نے ضلع راولپنڈی میں قومی اسمبلی کے 17اور صوبائی اسمبلی کے 4 امیدواران کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے ہیں اور ان کو ہدایت کی ہے کہ ایسا غیر قانونی تشہیری مواد 24گھنٹوں کے اندر ہٹایا جائے بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے جن امیدواران کوڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر عمر جہانگیر نے اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے گئے ہیں ان میں راجہ پرویز اشرف، چوہدری نثار علی خان، شیخ رشید احمد، حنیف عباسی ، ملک ابرار، دانیال چوہدری، جاوید اخلاص، راجہ قمر السلام، مولانا عبدالغفور توحیدی، غلام سرور، شبیر اعوان، راجہ جہانداد خان، امیر محمد کیانی، مہرین انور راجہ، چوہدری محمد عظیم، حنامنظور، مخدوم نیاز انقلابی، راجہ اشفاق سرور، ملک شکیل اعوان، فیاض الحسن چوہان اور ملک افتحار احمد شامل ہیںاظہار وجو ہ کے نوٹس تشہری مواد پر پرنٹر یا پبلشر کانام اور ایڈریس نہ ہونے پر جاری کئے گئے ہیں الیکشن ایکٹ 2017 ء کی دفعہ 234کے مطابق تشہیری مواد پر پرنٹر یا پھر پبلشر کا نام اور ایڈریس نہ ہوناخلاف قانون ہے امیدواران کو کہا گیا ہے کہ وہ بتائیں کہ اس خلاف ورزی پر ان کا کیس الیکشن کمیشن آف پاکستان کودفعہ234کے تحت قانونی کارروائی کیلئے کیوں نہ بھیجا جائے۔