لاہور ہائیکورٹ‘ کوٹ لکھپت جیل سے بے نظیر قتل کیس کا ملزم غائب ہونے پر درخواست دائر
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو قتل کیس کے ملزم رفاقت حسین کے کوٹ لکھپت جیل لاہور سے مبینہ غائب ہونے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں درخواست دائر کردی گئی جسٹس صداقت علی خان نے ملزم رفاقت حسین کے والد صابر حسین کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر آر پی او راولپنڈی فیاض دیو اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی کو نوٹس جاری کرکے16 جولائی کو جواب طلب کرلیا درخواست گذار نے موقف اختیار کیا کہ سائل کے بیٹے کو انسداد دہشت گردی کی عدالت راولپنڈی نے بری کردیا تھا لیکن حکومت پنجاب نے اسے رہا نہ کیا اور 16 ایم پی او کے تحت نظر بند کردیا جبکہ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے پانچ لاکھ روپے کے مچلکے پر سائل کے بیٹے کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا میں لاہور کوٹ لکھپت جیل گیا تو بتایا گیا کہ اسے دوبارہ سی ٹی ڈی والے لے گئے ہیں ۔