نگران وزیر یوسف شیخ حج انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مکہ مکر مہ پہنچ گئے
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر محمد یوسف شیخ حج انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔ اپنی آمد کے بعد وفاقی وزیر نے دفتر امور حجاج پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ساجد یوسفانی اور ڈائریکٹر سید امتیاز شاہ کے ہمراہ مؤسسہ جنوب ایشیاء کے چیئر مین رافع بدر سے اہم ملاقات کی۔منگل کو دورانِ گفتگو انہوں نے مکاتب کی جانب سے منیٰ اور عرفات میں سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی بات کی۔ وفاقی وزیر نے سرکاری سکیم کے عازمینِ حج کے لئے کرایہ پر لی گئی رہائشی عمارتوں ،ٹرانسپورٹ دفتر اور کیٹرنگ کمپنیوں کے کچن کا بھی دورہ کیا۔گزشتہ دن وفاقی وزیر نے مکہ مکرمہ میں سرکاری عازمینِ حج کیلئے کرایہ پر لی گئی رہائشی عمارتوں کا دورہ کیا اور سہولیات کا بغور جائزہ لیا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے عازمینِ حج کو ان کی رہائش سے حرم کیلئے مختص کی گئی بسوں کی کمپنی کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے 2019 ماڈل کی نئی اور جدید ایئر کنڈیشنڈ بسوں کی شمولیت پر مسرت کا اظہار کیا۔ نگران وزیر نے عازمینِ حج کیلئے 40 روزہ قیام کے دوران تین وقت کھانوں کی فراہمی کرنے والی کیٹرنگ کمپنی کے کچن کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود جدید مشینی چولہوں اور صفائی ستھرائی کے انتظام کو سراہا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور محمد یوسف شیخ نے عازمینِ حج کے نام ایک پیغام میں کہا کہ وہ انتظامی امور اور مناسک حج کی ادائیگی خوب سمجھ اور سیکھ کر جائیں تاکہ سعودی عرب میں 40 روزہ قیام کے دوران کوئی پریشانی نہ ہو۔