کوٹ لکھپت: مسلم لیگ (ن) کی کارنر میٹنگ میں فائرنگ، بچہ جاں بحق، دوسرا زخمی
لاہور (نامہ نگار) کوٹ لکھپت کے علاقے میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے میں گن مین کی فائرنگ سے 9سالہ لڑکا ہلاک جبکہ 12سالہ لڑکا زخمی ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے میں فائرنگ سے 9سالہ لڑکا مظہر ہلاک جبکہ 12سالہ لڑکا فہد شدید زخمی ہو گیا ہے۔ فائرنگ سے جلسہ میں بھگدڑ مچ گئی اور شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ مسلم لیگی رہنما اسلم بھٹی کے گن مین نے کی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے 9سالہ مظہر کی نعش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی ہے اور زخمی 12سالہ فہد کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق تحقیقات جاری ہیں۔ جلد اصل حقائق سامنے آ جائیں گے۔پولیس نے تین ملزمان بلال، رمضان اور شبیر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقہ چونگی امرسدھو میں محمد اسلم بھٹی کے ڈیرے پر مسلم لیگ ن کے این اے 133 سے امیدوار ملک پرویز اور پی پی 168 سے امیدوار خواجہ سعد رفیق کی حمایت میں جلسہ منعقد کیا گیا تھا جبکہ ملک پرویز اور خواجہ سعد رفیق کی آمد سے قبل فائرنگ کا واقعہ پیش آگیا ہے۔ پولیس نے تین گن مین گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق گن مین کا موقف ہے کہ اچانک گولی چلنے سے یہ واقعہ پیش آیا ہے۔