وقت آگیا ، کارکن منزل حاسل کرنے کیلئے گھروں سے نکلیں : بلاول
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے میری منزل اقتدار کا حصول نہیں بلکہ قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال کر خوشحال پاکستانی بنانا ہے‘ پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے جنہوں نے ہمیشہ قربانیاں دے کر پاکستان کا علم بلند کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غلام محمد آباد میں ویڈیو لنک خطاب کے دوران کیا‘ اس موقع پر سٹی صدر پیپلزپارٹی رانا نعیم دستگیر‘ امیدوار قومی اسمبلی افضل ٹائی ٹینک‘ امیدوار صوبائی اسمبلی ندیم غفاری‘ عظیم غفاری کے علاوہ کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا اب وقت آ گیا ہے ہم اپنی منزل کے حصول کیلئے گھروں سے نکلیں‘ ہم نے ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھانا ہے‘ انہوں نے کہا میرا مشن پسماندگی‘ غربت اور بے روزگاری‘ جہالت ختم کر کے قوم میں نئی سوچ اور نئی تبدیلی لانا ہے‘ میں ایسا معاشرہ چاہتا ہوں جس میں ملک کے ہر شہری کو آگے بڑھنے اور اپنی زندگی سنوارنے کے برابری کے مواقع ملیں‘ مشکل گھڑی میں قوم کو تنہا چھوڑنا پیپلزپارٹی کا شیوہ نہیں‘ انہوں نے قوم سے کہا میرا ساتھ دیں اور 25تاریخ کو تیر کے نشان پر مہر لگا کر ثابت کر دیں پیپلزپارٹی آج بھی چاروں صوبوں کی مقبول ترین جماعت ہے‘ اس موقع پر سٹی صدر پیپلزپارٹی‘ ندیم غفاری‘ عظیم غفاری نے کہا عوام نے ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا اور بلاول کو وزیر اعظم بنانے میں معاونت کی تو وعدہ کرتے ہیں وہ شہید بے نظیر کے مشن کو پورا کر تے ہوئے غریب اور پسے ہوئے طبقات کو ان کا حق دلوانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔