زکریایونیورسٹی میں رواں سال سے تمام داخلے آن لائن کرنیکا فیصلہ
ملتان(نمائندہ نوائے وقت) بہاء ا لدین زکریایونیورسٹی ملتان میں نئے تعلیمی سال 2018 سے تمام داخلے آن لائن سسٹم کے ذریعہ ہوں گے۔ جس سے طلباء طالبات کے وقت کی بچت کے ساتھ مالیاتی بوجھ میں بھی کمی ہوگی اور ان کو یونیورسٹی کیمپس میں داخلہ کے حصول کے لیے ہونے والی روایتی پریشانی سے بھی تحفظ حاصل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین نے ڈین چیئرمین، ڈائریکٹرز ، پرنسپلز کے پراسپیکٹس 2018 کی تیاری سے متعلق مختلف امور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہو ںنے کہاکہ آن لائن سسٹم کے حوالے سے رہنمائی کے لیے یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات میں رہنمائی ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔ وائس چانسلر نے تمام شعبہ جات کے تمام راستوں پر سایہ دار درخت لگانے کی بھی ہدایت بھی کی تاکہ طلباء طالبات کو گرم موسم کی شدت سے تحفظ فراہم کیاجاسکے۔ چیئرمین ہارٹیکلچر ڈاکٹر عامر نواز خان نے بتایا کہ 14 سے 16 جولائی کو شاہجان بینکوئٹ ہال نزد عید گاہ ملتان میں بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان اور محمد نواز شریف ایگری کلچر یونیورسٹی ملتان کے اشتراک سے مینگو فیسٹول ہوگا۔