بھاشا اور مہمند ڈیم کیلئے فوجی افسران دو‘ جوان ایک دن کی تنخواہ دینگے۔ ترجمان پاک فوج۔ دونوں آبی ذخائر سے متعلق عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا۔ پانی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ نگران وزیراعظم۔ دونوں ڈیموں پر کام رواں مالی سال میں شروع ہو گا۔
ملک میں آبی قلت پر قابو پانے کیلئے آبی ذخائر کی تعمیر پر یوں تو ہر حکومت سیاست کرتی رہی مگر عملی طور پر نئے ڈیمز کی تعمیر اور آبی ذخائر کے قیام کیلئے کسی نے کوئی بڑا قدم نہیں اُٹھایا۔ اب بھارت کی آبی جارحیت اورماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دریائوں میں پانی کم ہو رہا ہے۔ ملک میں خشک سالی بڑھ رہی ہے تو مجبوراً اس بات کا چیف جسٹس آف پاکستان کو ازخود نوٹس لینا پڑا اور انہوں نے کالاباغ ڈیم پر اتفاق رائے تک بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے قوم سے فنڈز جمع کرنے کی اپیل کی جس کا موثر جواب سامنے آ رہا ہے۔ پاک آرمی نے ان ڈیمز کی تعمیر کیلئے افسران کی دو روز کی اور جوانوں کی طرف سے ایک روز کی تنخواہ فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔ دیگر مکاتب زندگی کے لوگ بھی چیف جسٹس کی اپیل پر فنڈ میں چندہ جمع کرا رہے ہیں جو خوش آئند اور ہماری زندہ قوم ہونے کی علامت ہے۔ نگران وزیر اعظم نے گزشتہ روز واپڈا کے چیئرمین سے ملاقات میں آبی قلت پر فوری قابو پانے کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ڈیموں کی رواں مالی سال میں تعمیر کا کام شروع ہو جائیگا۔ اگر ہماری پچھلی حکومتیں اس ضمن میں سنجیدگی دکھاتیں اور ان ڈیموں پر کام شروع کیا جاتا تو آج ہمیں شدید آبی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ اب بھی دیر آید درست آید کالا باغ ڈیم کے علاوہ بھاشا اور مہمند ڈیم کو بھی برق رفتاری سے مکمل کیا جائے تو آبی قلت اور توانائی کے بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38