حضرت جعفر ؑ نے شریعت ِمحمدیؐ کے اصولوں کو دنیا میں رائج کرنے کیلئے گراں بہا خدمات انجام دیں
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ ) قائد ملتِ جعفریہ آغا سیدحامد علی شاہ موسوی کے اعلان کردہ عالمی عشرہ ِصادقِ آلِ محمدؐ کی مناسبت سے مجلس المودۃ پاکستان کے زیر اہتمام علیؑ مسجد سیٹلائٹ ٹائون میں مجلسِ شہادت منعقدہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید قمرحیدرزیدی نے کہا کہ خانوادہِ عصمت و طہارت کے پاکیزہ افراد کے قلوب علم و معرفت کا خزینہ اور زبانِ مبارک حق و صداقت کا مرکز و محور تھی‘اسی لیے اس خانوادہ میں باقر العلوم اور صادقِ آل محمد ؑ پائے جاتے ہیں۔انہوں نے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کو عالمی عشرہ صادق آل محمد منانے کا اعلان کرنے پر خراج تحسین پیش کیا انہوں نے اس عزم کااظہارکیاکہ پوری قوم پاکیزہ ہستیوں کے مشن کو امانت و دیانت کے ساتھ جاری رکھنے اور عزاداری کے بارے میں جرات مندانہ موقف اختیار کرنے پر آقای موسوی کے ہر لائحہ عمل کی پابند ہے اور ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ نانا محمد ؐ کے میلاد اور نواسے حسین ؑعزاداری کے جلوسوں پر کسی قسم کی قدغن نہ پہلے برداشت کی نہ آئندہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ حضرت جعفر ابن محمد ؑ چھٹے جانشین رسولؐ ہیں جنہوں نے شریعت ِمحمدیؐ کے اصولوں کو دنیا میں رائج کرنے کیلئے گراں بہا خدمات انجام دیں مفتی باسم عباس زاہری نے کہا کہ چھٹے جانشین نبی ؐ حضرت امام جعفر صادق وہ عظیم ترین ہستی ہیں جنہوں نے افکار ِمصطفوی ؐ ومر تضوی ؑ کو فروغ بخشا ،اسے عروج و کمال عطا کیا ۔اس موقع پر مجلس مودت پاکستان کے سیکرٹری جنرل اے آر کیانی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد مجلس عزا کے شرکاء نے متفقہ طورپرمنظورکی جس میں عالمی اداروں پر زوردیا کہ وہ دنیا بھر میں مشاہیر کے منہدم مزارات کی عظمتِ رفتہ کی بحالی کے اہم مسئلے پر توجہ دیں مجلس عزا سے مفتی باسم عباس زاھری ،مولانا احمدکاظم شیراز،این ایچ نقوی،فیضان حسین فیضی ، حسن رضا کیانی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔مجلس کے اختتام پرجلوس تابوت صادق آل ؑ محمدؐ برآمدہوامختلف ماتمی دستوں نے ماتمداری کی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتاہواامام بارگاہ زین العابدین میںاختتام پذیرہوا۔