نیب کا کیپٹن(ر) صفدرکیخلاف 9 ارب کرپشن کا ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد + کراچی + لاہور (ایجنسیاں) نیب حکام نے اڈیالہ جیل کے قیدی کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف 9ارب روپے کرپشن کا نیا ریفرنس عدالت میں دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے خاوند کیپٹن (ر) صفدر غریب خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ مریم سے شادی کے بعد ان کے اثاثوںمیں کئی ارب سے مالیت کا اضافہ ہوا ہے۔ نواز شریف نے بطور وزیراعظم کے بھی پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر 3ارب روپے کیپٹن (ر) صفدر کی دسترس میں دیئے تھے۔ جس کا اقرار سیکرٹری کابینہ عمار مسعود نے پی اے سی اجلاس میں کیا تھا جبکہ گزشتہ 5سالوں میں مانسہرہ میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لئے 6ارب روپے سے زائد کے فنڈز خرچ کئے گئے تھے جو کرپشن کی نذر ہو گئے تھے۔ نیب حکام نے صفدر کو ملنے والے 9ارب روپے کی تحقیقات شروع کر رکھی تھیں اور مانسہرہ کی ترقیاتی سکیموں پر مامور ٹھیکیداروں کے بیانات بھی قلمبند کئے گئے ہیں جبکہ نیب کے پی کے کی ایک ٹیم نے خود مانسہرہ کا دورہ کر کے ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لی اتھا۔ نیب کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مانسہرہ میں ترقیاتی سکیموں کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے جبکہ ٹھیکیداروں کو کروڑوں روپے کی ادائیگی پرچی پر کی گئی تھی جس کا کوئی ریکارڈ بھی موجود نہیں ہے۔ نیب حکام نے تصدیق کی ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف جاری 9ارب روپے کی تحقیقات مکمل ہیں اور بہت جلد احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا جائے گا اور انہیں مزید سزا اور ظاہری اثاثے بھی ضبط کئے جا سکتے ہیں۔ دریں اثنا کراچی نیب میںسابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے نیب کو اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا، نیب نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو گیس کے غیر قانونی ٹھیکوں کی انکوائری کے سلسلے میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا تھا،مفتاح اسماعیل نے منگل کونیب ہیڈ کوارٹر کراچی میں تفتیشی افسر کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے رہنماء اور لاہور سے قومی اسمبلی کے امیدوار علیم خان نیب لاہور کے روبرو پیش ہوگئے نیب لاہور نے علیم خان کو ان کی آف شور کمپنیوں کے الزامات پر تحقیقات کیلئے طلب کر رکھا تھا بتایاگیا ہے کہ علیم خان نے نیب لاہور کی جوائنٹ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے کئے جانے والے سوالات کے جواب فراہم کردئیے ہیں علیم خان نیب لاہور کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک موجود رہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب ) لاہور کی ہوم لینڈ ریئل اسٹیٹ کرپشن کیس میں دوسری بڑی اور اہم پیش رفت سامنے آگئی،زیر حراست مرکزی ملزم ندیم کے قریبی ساتھی ملزم فرمائش علی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان نیب لاہور کے مطابق ملزم فرمائش علی پر مرکزی ملزم ندیم سے مبینہ طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے وصول کرنے کا الزام ہے،ملزمان کی گرفتاری فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے غیر معمولی ٹرانزیکشن کی نشاندہی پر کی گئی،ملزمان کے خلاف مجموعی طور پر 2 ارب روپے کے غبن کی شکایات ہیں۔