14 جولائی کو تمام راستے لاہور ائرپورٹ کی طرف جائینگے: پرویز ملک، عمران نذیر
لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر ورکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نے کہا ہے کہ فخر پاکستان میاںنواز شریف اور ان کے ساتھ انکی صاحبزادی مریم کا 13 جولائی کو تاریخ ساز استقبال ہوگا تمام راستے لاہور ایئر پورٹ کی طرف ہی جائیں گے کوئی رکاوٹ میاں نواز شریف کے متوالوں کو نہیں روک سکتی، ن لیگ کا ہر کارکن پر امن ہے اور پر امن رہے گا، یہ ملک ہمارا ہے اس کی حفاظت بھی ہم ہی نے کرنی ہے،اپنے قائد کا پر امن جمہوری طریقے سے تاریخی استقبال کریں گے، ہم توڑ پھوڑ پر یقین رکھنے والی جماعت نہیں ہیں، توڑ پھوڑ وہ کرتے ہیں جو دھرنے دیتے ہیں ہڑتالیں کرتے ہیں، ہم نے پاکستان کو بنایا ہے، مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے جیالوں کو نہ روکا جائے، ہم پاکستان کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ اس لئے نواز شریف کا پرامن استقبال کریں گے۔ اور ایک اینٹ بھی نہیں ٹوٹے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے اپنے حلقوں میں قائد میاں نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں اور الیکشن مہم کے سلسلہ میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔