نئی نسل پاکستان کا مستقبل ہے، محنت سے ملک کو عظیم بنائیں:کموڈور(ر)نویداحمد
لاہور (خصوصی رپورٹر) پاک بحریہ ہماری افواج کا اہم ترین حصہ اور پاکستان کی بحری حدود اور سمندر کی محافظ ہے۔ نئی نسل پاکستان کا مستقبل ہے، وہ بھرپور محنت اور علم کے ذریعے پاکستان کو دنیا کی عظیم طاقت بنائیں۔پاک بحریہ پاکستان کی سمندری سرحدوں کی نگہبان اور اس کی خاطر ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان نیوی وار کالج لاہورکے ڈائریکٹر ریسرچ کموڈور(ر)نوید احمد نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان میں جاری نظریاتی سمر سکول کے طلبا و طالبات کو ملٹی میڈیا کے ذریعے پاک بحریہ اوراس کے کردار کے متعلق پریزینٹیشن کے دوران کیا۔ اس موقع پر سینئر انسٹرکٹر پاکستان نیوی وار کالج کیپٹن ریحان طاہر، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان بھی موجود تھے۔ نظریاتی سمر سکول کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے۔ سکول کا ماٹو’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ ہے۔کیپٹن ریحان طاہر نے کہا کہ پاک فوج وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے ۔ پاک بحریہ کا ہر جوان آرام کی پرواہ کیے بغیر سمندری حدود کی نگہبانی کر رہا ہے۔ ہماری نئی نسل بہت باصلاحیت ہے۔ آپ علامہ اقبال کے شاہین بنیں۔ جہد مسلسل کو اپنا شعار بنائیں۔ ہمیشہ سچ بولیں ، وقت کی قد کریں ، اساتذہ کا ادب اور والدین کے فرمانبردار بنیں۔ آخر میں طلبا وطالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے مہمانوں کو ٹرسٹ کا لٹریچر اور یادگاری شیلڈیں پیش کیں۔