لاہور، قاری کا بہیمانہ تشدد، 7 سالہ شاگرد بچہ ہسپتال میں دم توڑ گیا
لاہور(صباح نیوز)قاری جلاد بن گیا، موبائل لوڈ نہ کروانے پر قاری نے سات سالہ بچے کو لوہے کے راڈ سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جو ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قاری کو گرفتار کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شالیمار میں قاری کے حکم پر موبائل لوڈ نہ کروانا بچے کیلئے سنگین جرم بن گیا، لوڈ نہ کروانے پر قاری احمد رضا نے سات سالہ معصوم عبدلا احد کو لوہے کے راڈ سے مارا، قاری کے بہیمانہ تشدد کی وجہ سے معصوم بچے کی کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی جسے ابتدائی طور طبی امداد کے لئے شالیمارہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ طبیعت زیادہ خراب ہونے پر ڈاکٹرز نے بچے کو میو ہسپتال شفٹ کروا دیا جہاں بچہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملا۔بچے کے والد نے کہا کہ شام کے وقت عبدلاحد قاری کے پاس مدرسے میں سپارہ پڑھنے جاتا تھا جہاں پر قاری نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس نے بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔