NA53پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار کا انتظامیہ کی جانبداری کیخلاف الیکشن کمیشن کو خط
اسلام أباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی حلقہ این اے 53اسلام آباد سے پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سید سبط الحیدر بخاری نے انتظامیہ ، پولیس کے جانبدارانہ رویئے اور یونین کونسلز چیئرمینوں اور ضلعی زکوات و مصالحتی کمیٹیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا ۔ سید سبط الحید ر بخاری کی طرف سے چیف الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کے باوجود میرے بینر ز اور ہوڈنگ روزانہ کی بنیاد پر اتارے جارہے ہیں جبکہ میرے مد مقابل امیدواران عمران خان اور شاہد خاقان عباسی کے ضابطہ اخلاق کے خلاف آویزاں بینرز ہوڈنگ پر انتظامیہ نے آنکھیں مکمل طورپر بند رکھیں ہیں ۔ مخالف امیدواران کی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے چیئرمین یونین کونسلز کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جو الیکشن کمیشن کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ سید سبط الحیدر بخاری نے خط میں مزید تحریر کیا کہ سابق دورمیں قائم کی جانے والی ضلعی زکوات و مصالحتی کمیٹیوں کے لیے امداد سیاسی رشوت کے طورپر استعمال کی جارہی ہے ۔ سیدسبط الحیدر بخاری نے چیف الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ جانبدار انتظامیہ ، پولیس کے اعلیٰ افسران اور ایس ایچ اوز کو فی الفور اسلام آبادسے تبدیل اور مصالحتی و زکواۃ کمیٹیاں معطل کی جائیں ۔