حلقے کے عوام کے پاس اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جارہا ہوں،ڈاکٹر امجد
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین اور حلقہ این اے53سے نامزد امیدوار ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ میں حلقے کے عوام کے پاس اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جارہا ہوں جبکہ مخالف امیدواران کے ہاتھ میں ایسا کچھ بھی نہیں۔میں نے بغیر کسی سرکاری عہدے کے اسلام آباد کے لئے 8.2ارب روپے کا ترقیاتی منصوبہ پاس کروایا جس سے اسلام آباد کا نقشہ ہی تبدیل ہوگیا۔ ہمارے مخالف امیدواران وزارت عظمیٰ جیسی سیٹ پر بیٹھ کر بھی اسلام آباد کے لئے کچھ نہیں کرسکے۔میرا جینا مرنا حلقے کے لوگوں کے ساتھ ہے جبکہ مخالفین بھاگ جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارہ کہو سے مسلم لیگ ن کے راہنمائوں اور کارکنان کی اے پی ایم ایل میں شمولیت کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔منگل کوبھارہ کہو سے مسلم لیگ ن کے کارکنان نے توقیر عباسی کی قیادت میں آل پاکستان مسلم لیگ کے سینٹرل سیکرٹریٹ میں اے پی ایم ایل کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ان کے ہمراہ ندیم عباسی، چوہدری عامر،سید ریاست شاہ اوردیگر سینکڑوں ساتھی تھے۔پارٹی چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد نے انہیں اے پی ایم ایل میںخوش آمدید کہا اور اعتماد پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اے پی ایم ایل پاسدارکے جنرل سیکرٹری زوہیب امجد، سلمان چوہدری،سیدہ فردوس اور دیگر پارٹی راہنما بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد امجد نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ حلقے میں عوام کے پاس خدمت کی بنیاد پر جارہے ہیں۔ہم نے اسلام آباد کے عوام کو تاریخی ترقیاتی پیکج دیا جس سے شہری اور دیہی علاقوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام ہوئے۔اسی پیکج سے اسلام آباد کو ایک جدید شہربنایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ حلقے کے عوام25جولائی کو کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے اور مخالفین کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے۔