محنت کش متحد ہو کر استحصالی نظام کا خاتمہ کریں: خورشید احمد
لاہور (پ ر) سیاسی جماعتوں کو زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے ملک میں غربت، جہالت اور نوجوانوں کی عام بے روزگاری اور سماج میں جاگیرداری، اجارہ داری، امیر اور غریب کے مابین بے پناہ فرق دور کرنے کے لئے واضح لائحہ عمل کا اعلان کرنا چاہئے جس سے وطن عزیز کھربوں روپے کے غیر ملکی قرضوں کی زنجیروں سے جلد از جلد آزاد ہو۔ محنت کشوں کے بنیادی حقوق کی ضمانت دینے کے ساتھ ساتھ ان کی کم از کم اجرت مبلغ تیس ہزار روپے ماہوار اور نجی اداروں کے ملازمین کی ماہانہ بڑھاپے کی پنشن کم از کم مبلغ بیس ہزار روپے مقرر کریں۔ یہ مطالبات آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے زیر اہتمام اجلاس بمقام بختیار لیبر ہال لاہور میں ایک قرارداد کے ذریعے کئے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بزرگ مزدور راہنما خورشید احمد نے اعلان کیا کہ ملک کے محنت کشوں کو متحد ہوئے ملک میں استحصالی نظام کے خاتمہ اور سماج میں محنت کے احترام اور سماجی انصاف کے اصولوں پر عملدرآمد کرانے کے نظام نافذ کرانے کی اپنی بھرپور جدوجہد کو کامیاب کرنا چاہئے۔ اجلاس سے روبینہ جمیل صدر، یوسف بلوچ چیئرمین، اکبر علی خان ایڈیشنل سیکرٹری، اسامہ طارق سیکرٹری، نیاز خان، سعید گجر، چودھری محمد انور، محمد وارث، محمد رمضان اچکزئی، عبداللطیف نظامانی، گوہر تاج، جاوید احمد و دیگر نمائندگان نے خطاب کیا۔