ولی محمد یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ،موسیٰ لاشاری کو اپ سیٹ شکست
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)آل کراچی ولی محمد یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں نیشنل آفریدی نے موسی لاشاری کو 3-1سے ہراکر اپ سیٹ کامیابی اپنے نام کی جبکہ نیشنل شاہین نے کراچی یونائیٹڈ کی ٹیم کو پنالٹی ککس پر4-3 سے شکست دی۔پہلے میچ کے پہلے ہاف کے34 ویں منٹ میں نیشنل آفریدی کی جانب سے سہیل نے گول بناکر اپنی ٹیم کو برتری دلوادی۔دوسرے ہاف میں نیشنل آفریدی کے علی نے گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو2-0 سے دگناکردیا۔ موسی لاشاری کی جانب سے 72ویں منٹ میں شاکر لاشاری نے گول کرکے اپنی ٹیم کے خسارے کو کم کرکے2-1 کردیا۔ کھیل کے اختتامی لمحات میں نیشنل آفریدی کی جانب سے تیسرا گول سہیل نے اسکور کرکے اپنی ٹیم کو 3-1سے سرخرو کردیا۔ نیشنل شاہین اور کراچی یونائیٹڈ کے درمیان میچ کے پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی، دوسرا ہاف بھی بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔ کو پنالٹی ککس میں نیشنل شاہین نے کراچی یونائیٹڈ کو4-3 سے قابو کر لیا۔