انڈیکس میں 164پوائنٹس سرمایہ میں 16ارب سے زائد اضافہ
کراچی (کامرس ڈیسک) اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی شدید مندی چھائی رہی لیکن ٹریڈنگ کے آخری اوقات میں بڑے پیمانے پر ریکوری سے نہ صرف مندی کے اثرات زائل ہوگئے بلکہ کے ایس ای100انڈیکس164.33 پوائنٹس کے اضافے سے 39452.81 پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیاجب کہ مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں بھی16ارب10کروڑ87لاکھ روپے کا اضافہ ہوا ۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز منفی زون میں ہوا اور سیاسی افق پر چھائی بے یقینی کی کیفیت اور ملک میں پھیلی مختلف منفی افواہوں کی گردش سے سرمایہ کاروں نے دھڑادھڑ حصص کی فروخت شروع کردی جس کے نتیجے میں انڈیکس 700سے زائد پوائنٹس کی کمی سے 38561پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا جو آٹھ ماہ کی کم ترین سطح ہے۔ ایک موقع پر انڈیکس 39569.67پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا اگر چہ مزکورہ بلند سطح برقرار نہ رہ سکی لیکن مجموعی طور پر تیزی غالب آگئی اور کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 164.33پوائنٹس کے اضافے سے39452.81 پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں16ارب10کروڑ87لاکھ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت81کھرب81ارب80کروڑ24لاکھ روپے سے بڑھ کر81کھرب97ارب91کروڑ11لاکھ روپے ہوگئی۔